کراچی کے عوام کے مسائل کا علم ہے: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی جیسے اہم شہر میں بعض  بنیادی سہولتوں کا فقدان لمحہ فکریہ ہے لہٰذا شہر کے عوام کے مسائل سے متعلق علم ہے۔

وزیراعظم سے ایم کیوایم وفد کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان سے وزیراعظم ہاؤس میں اتحادی جماعت ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں نے ملاقات کی جن میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی اور وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے علاوہ امین الحق، کنور نوید، نسرین جلیل اور میئر کراچی وسیم اختر بھی شامل تھے جب کہ ملاقات میں وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی خصوصی طور پر شریک ہوئے۔

وزیراعظم اور ایم کیو ایم رہنماؤں کی ملاقات کے دوران سیاسی امور اور صدارتی انتخاب سمیت سندھ کے مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ذرائع کےمطابق وزیراعظم عمران خان نے ایم کیوایم کے وفد کو کراچی اور حیدرآباد کے مسائل حل کرانے کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ذرائع کا کہناہےکہ ایم کیوایم کے وفد نے وزیراعظم کو صدارتی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار عارف علوی کی حمایت کا بھی یقین دلایا۔

وزیراعظم کی گورنر سندھ سے ملاقات

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی ون آن ون ملاقات کی جس میں انہوں نے حکومت کی جانب سے اعتماد کا اظہار اور اہم ذمہ داری دینے پر شکریہ ادا کیا۔

اس کے علاوہ وزیراعظم اور گورنر سندھ کی ملاقات میں سندھ اور خصوصاً کراچی کی موجودہ صورتحال اور عوامی مسائل پر گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھاکہ شہر قائد کے عوام کے مسائل سے متعلق علم ہے، کراچی جیسے اہم شہرمیں بعض مقامات پر بنیادی سہولتوں کا فقدان لمحہ فکریہ ہے، ملکی معیشت کی ترقی و استحکام میں کراچی کا کردار کلیدی ہے۔

عمران خان نے کہاکہ کراچی میں امن و امان کی فضا کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پر عزم ہیں، حکومت عوام کو درپیش مسائل کے مستقل حل کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

Check Also

میئر کراچی وسیم اختر کرپٹ ہیں: فیصل واوڈا اپنے مؤقف پر ڈٹ گئے

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ایک بار پھر میئر کراچی کو آڑے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *