اللہ نے مجھ عاجز اور گناہ گار پر رحم کیا، خواجہ آصف

اسلام آباد ( پاکستان پبلک نیوز مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف کی نا اہلی کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیئے جانے پر خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اللہ نے مجھ عاجز اور گناہ گار پر رحم کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ ’اللہ نے مجھ عاجز اور گناہ گار پر رحم اور کرم کیا ہے، رب العزت کا احسان اور مہربانیوں کا شمار ہی نہیں۔

خیال رہے کہ خواجہ آصف کے مذکورہ ٹوئٹ سے کچھ ہی دیگر قبل سپریم کورٹ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو نا اہل قرار دینے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا تھا۔

جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی جانب سے نااہلی کے خلاف دائر کی گئی اپیل پر سماعت کی اور دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

بعد ازاں 3 رکنی بینچ نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، جس کے بعد خواجہ آصف دوبارہ انتخابات میں شرکت کے اہل ہوگئے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے خواجہ آصف کی جانب سے دائر اپیل پر مختصر فیصلہ سنایا گیا جبکہ اس حوالے سے تفصیلی فیصلہ بعد میں سنایا جائے گا۔

سپریم کورٹ کے مختصر فیصلے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ اس کیس کا تفصیلی فیصلہ پڑھ کر ہی فیصلہ کریں گے کہ اس پر نظرثانی کی اپیل دائر کرنی ہے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ خواجہ آصف سے میرا مقابلہ اب سیالکوٹ کے عوام کی عدالت میں ہوگا، کیونکہ خواجہ آصف نے نااہلی کے بعد کہا تھا کہ عثمان ڈار مجھے سیالکوٹ کے عوام کی عدالت میں شکست نہیں دے سکتے لیکن اب ایک بڑا زبردست انتخابات دیھکنے کو ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک اںصاف کے کارکنوں کو یقین دلاتا ہوں جس طرح میں نے 5 سال مافیا کا مقابلہ کیا اسی طرح سیالکوٹ کے عوام کی عدالت میں بھی ہم مقابلہ کریں گے۔

سپریم کورٹ کے مذکورہ فیصلے کے حوالے سے ڈان نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر صحافی مجاہد بریلوی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے یہ بیانیہ سامنے آرہا تھا کہ ان کے پارٹی رہنماؤں کو استعمال کیا جارہا ہے اور عدالتی فیصلوں سے آئندہ انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف اور ان کے خاندان کی جانب سے سامنے آنے والے بیانیے کی نفی ہوگی۔

مجاہد بریلوی نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کو سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی کی اپیل دائر کرنے کے بجائے سیاسی میدان میں خواجہ آصف کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 3 ماہ میں جن، جن افراد کو نااہل قرار دیا انہیں مشروط طور پر انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دینی چاہیے۔

Check Also

اسرائیل سے تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: فواد چوہدری

لاہور: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے پاکستان کے اسرائیل سے تعلقات قائم …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *